by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان، ڈیزل 40 اور پیٹرول 10 روپے تک مہنگا ہو سکتا ہے

عالمی تیل بحران، پاکستان میں پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کا خدشہ

0

اسلام آباد (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں آئندہ پندرہ روزہ جائزے کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر تک اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔ تاہم عوام پر بوجھ کم کرنے کے لیے حکومت پیٹرولیم لیوی میں کمی سمیت مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سامنے آیا ہے، جس کے اثرات پاکستان سمیت متعدد درآمدی ممالک پر پڑنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ ذخیرہ اندوزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ نیشنل کمیٹی آن مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈینیشن نے اوگرا کو ہدایت کی ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔

واضح رہے کہ نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان حکومت کی منظوری کے بعد متوقع ہے، اس لیے فی الحال یہ اعداد و شمار ابتدائی تخمینوں اور ورکنگ پر مبنی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.