کراچی: ایف پی سی سی آئی کے زیر اہتمام آٹزم آگاہی سیمینار، خصوصی افراد کی فلاح کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور
کراچی (پی این پی) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی نیشنل اسٹینڈنگ کمیٹی برائے میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے کنوینر اور حکومت سندھ کے زیر اہتمام ’’جامع تعلیم (انکلیوسیو ایجوکیشن) اور آٹزم مینجمنٹ کے موضوع پر آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماہرین نے آٹزم سے متعلق آگاہی، بروقت تشخیص، علاج اور خصوصی افراد کے لیے جامع تعلیمی نظام کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی سندھ اسمبلی کے رکن (ایم پی اے) اور حکومت سندھ کے پارلیمانی سیکریٹری برائے خوراک بیرسٹر ہالار وسان تھے، جنہوں نے حکومت سندھ کی جانب سے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے محکمہ ڈی ای پی ڈی کی جانب سے خصوصی افراد کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اس شعبے میں مزید مؤثر اقدامات کے لیے پرعزم ہے۔
سیمینار سے چیف آٹزم کنسلٹنٹ سی آرٹس، سربراہ آٹزم سروسز آئی پی ایم اینڈ آر اور اسسٹنٹ پروفیسر ایرم رضوان، پاکستان سینٹر فار آٹزم کی چیف ایگزیکٹو آفیسر عالیہ بتول حیدری، پیڈیاٹرک نیورولوجسٹ، نیورو سائیکالوجسٹ، اسپیشل ایجوکیٹر اور ری ہیبلیٹیشن کونسلر ڈاکٹر عاطف سعید انجم، ڈائریکٹر انکلیوسیو ایجوکیشن (ڈی ای پی ڈی) حکومت سندھ منصور حسن شیخ، آئی ایچ آر آئی کے چیئرمین رزاق پردیسی اور آئی ایچ آر آئی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر آفیہ وجاہت نے خطاب کیا۔
مقررین نے اساتذہ کی خصوصی تربیت، آٹزم کی ابتدائی علامات کی بروقت تشخیص، مؤثر علاج اور بحالی کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آٹزم سے متاثرہ بچوں کو معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے جامع تعلیمی نظام، والدین کی رہنمائی اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون ناگزیر ہے۔
سیمینار میں ایف پی سی سی آئی کی مختلف اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے اراکین، ڈاکٹرز، طبی ماہرین، صنعتکاروں، غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز)، مخیر حضرات اور طبی شعبے سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے آٹزم سے متعلق آگاہی مہمات کو مزید وسعت دینے اور خصوصی افراد کی معاونت کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی، مقررین اور عوامی صحت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے مخیر حضرات کو شیلڈز اور گلدستے پیش کیے گئے۔
اختتامی خطاب میں ڈاکٹر زاہد حسن انصاری نے تمام مقررین، شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی مستقبل میں بھی صحت عامہ، بیماریوں سے متعلق آگاہی اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے قومی سطح پر ایسے پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گی۔
PNP
Comments are closed.