by Rao Imran Suleman
Rao Nama

حکومت بھتہ لیوی لگا رہی ہے: جماعت اسلامی کا مہنگائی کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان

—فائل فوٹو

جماعت اسلامی نے مہنگائی کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 7 اگست کو ملک بھر کی شاہراہوں کو بند کر دیں گے، سب کو بتائیں گے کہ حکمران طبقہ کیسے عوام کے پیسوں پر ڈاکا ڈال رہا ہے، ہم پُرامن سیاسی مزاحمت پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب سے رابطہ کریں گے اور سب کو ایک پیج پر لائیں گے۔

حافظ نعیم کا مزید کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کا اوگرا سے کیا تعلق ہے؟ طالب علم کی آمدنی پر ٹیکس لاگو نہیں ہوتا، اس سے بھی پیٹرولیم لیوی لی جارہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت بھتہ لیوی لگا رہی ہے، یہ جگا ٹیکس ہے، اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول لیوی اور ناجائز ٹیکسز ختم کر دیے جائیں تو پیٹرول کی قیمت 200 روپے کم ہو جائے گی، پیٹرول لیوی اور دوسرے ٹیکسز کا عالمی مارکیٹ سے کیا تعلق ہے، یہ لوگ اپنی مراعات میں اضافہ کرتے ہیں اور عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالتے ہیں، آئی پی پیز سے معاہدہ کہاں تک پہنچا ؟ بتایا جائے۔



PNP

Comments are closed.