کراچی(پی این پی)سندھ میں مون سون سسٹم فعال ہوگیا ہے، جس کے سبب کئی اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب سے آنے والی مون سون ہوائیں مسلسل ملک کے مختلف علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق ان موسمی نظاموں کے زیر اثر سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم جزوی سے مکمل ابر آلود اور مرطوب رہ سکتا ہے۔ اس دوران شہر میں صبح اور رات کے اوقات میں بوندا باندی اور پھوار کا بھی امکان ہے، جبکہ آج ساحلی علاقوں میں بھی موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہنے کی توقع ہے اور چند مقامات پر ہلکی بوندا باندی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج گھوٹکی، قمبر شہداد کوٹ اور دادو کے اضلاع میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح 23 جولائی سے 24 جولائی کے دوران گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، خیرپور، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، مٹیاری، حیدرآباد، بدین، عمرکوٹ، میرپورخاص اور تھرپارکر کے اضلاع میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر درمیانی سے تیز اور چند علاقوں میں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسی دوران دادو، جامشورو، ٹنڈوالہ یار، ٹھٹھہ اور سجاول کے اضلاع میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور املاک کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، تاہم اس موسمی نظام کے باعث صوبے میں جاری گرم اور مرطوب موسم کی شدت میں کمی آنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
PNP
Comments are closed.