by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کمرشل امپورٹرز نے گورنر سٹیٹ بینک سے پالیسی ریٹ میں کمی کا مطالبہ کردیا

کراچی  (پی این پی) پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) کے چیئرمین سلیم مکاتی نے گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد سے مطالبہ کیا ہے کہ سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے 26 اکتوبر 2026 کو متوقع اجلاس میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانے اور بزنس کمیونٹی کو درپیش سرمائے کی قلت دور کرنے کے لیے پالیسی ریٹ میں کمی پر ضرور غور کیا جائے۔

 
سلیم مکاتی نے ایک بیان میں واضح کیا کہ موجودہ بلند پالیسی ریٹ کاروباری حلقوں کے لیے سنگین رکاوٹ بن چکا ہے۔ پالیسی ریٹ کو سنگل ڈیجٹ پر لانے سے ملکی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے اور صنعت و تجارت کو نئی رفتار ملے گی۔عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال دیکھنے میں آرہی ہے جبکہ وطن عزیز پاکستان میں بھی کاروبار اور صنعت سنگین معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان حالات میں صرف مہنگائی پر قابو پانے کے نام پر شرح سود بڑھانا کسی صورت کارگر ثابت نہیں ہوگا بلکہ یہ ناکام اقدام ثابت ہوگا جس کا خمیازہ ہمیشہ تاجروں اور صنعتکاروں کو بھگتنا پڑتا ہے۔
چیئرمین پی سی ڈی ایم اے نے گورنر سٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا کہ بزنس کمیونٹی کے خدشات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور معاشی استحکام کے لیے شرح سود میں کمی کی پالیسی اپنائی جائے۔ سلیم مکاتی کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف صنعت و تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ معاشی سرگرمیوں میں تیزی آنے سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مالی مشکلات میں کمی آئے گی۔

 انہوں نے امید ظاہر کی کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی کاروباری حلقوں کی آواز سنے گی اور معیشت کی بحالی کے لیے مثبت فیصلہ کرتے ہوئے پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی پر ضرور غور کرے گی۔



PNP

Comments are closed.