دوسرے صوبوں کے لوگ کہتے ہیں پنجاب کی وزیراعلیٰ ہمیں دے دیں: مریم نواز
کشمیر کے اصل وارث آ گئے ہیں، ن لیگ بھرپور کامیابی حاصل کرے گی
ویب ڈیسک ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جتنی خطرناک سازشیں نوازشریف کیخلاف ہوئیں عوام کی سپورٹ نہ ہوتی تو ہمارا نام ختم ہوجانا تھا۔
میر پور آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ جتنی گرمی میں آج میرپور میں لوگ جلسے میں آئے ہیں پورے کشمیر میں شیر کامیاب ہوگا، میرپور والوں کا جذبہ بتا رہا ہے آزادکشمیر میں شیر آچکا ہے،مظفر آباد میں بارش کے باوجود عوام ن لیگ کے جلسے میں موجود رہے، آج میں میرپور نہیں باپ دادا کے گھر آئی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرپور میں اچھے گھر بنے ہوئے ہیں لیکن افسوس سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ میرپور میں بھی ترقی کے چراغ جلیں، نوازشریف نے گاڑی میں متعدد بار کہا کہ کتنا خوبصورت خطہ ہے، آپ کا جذبہ بتارہا ہے کہ کشمیر کےاصل وارث کشمیر آگئے ہیں، آزاد کشمیر انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ کشمیر میں سب کچھ ہے ایک ہی کمی ہے کہ نوازشریف کی حکومت نہیں، جتنی خطرناک سازشیں نوازشریف کے خلاف ہوئیں عوام کی سپورٹ نہ ہوتی تو ہمارا تو نام ختم ہوجانا تھا، کشمیر میں وسائل اور جذبہ کی کمی نہیں ، بہترین انفرااسٹرکچر کی کمی ہے، آزاد کشمیر میں سیاحت سے ترقی اورہر مشکل حل ہو سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کو بہترین اسپتالوں اور سڑکوں کی ضرورت ہے، میرپور شہر میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، آزادکشمیر میں ہماری کچھ عرصے کی حکومت تھی، تنقید کرنا آسان ہوتا ہے ن لیگ کے سوا کوئی جماعت بتادیں اگر کشمیر میں ایک اینٹ بھی لگائی ہو، جو سہولیات ہم پنجاب میں دے رہے ہیں الیکشن جیت کر آزاد کشمیر میں بھی دیں گے، ابھی الیکشن نہیں ہوا اور میں دس الیکٹرک بسوں کا تحفہ میرپور لے کر آئی ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھاکہ دیانتداری سے کام کیا جائے تو آزاد کشمیر 5 سال میں پنجاب سے آگے نکل سکتا ہے، آزاد کشمیر میں سیف سٹی اور اپنی چھت اپنا گھر منصوبہ ہونا چاہیے، سوچ سمجھ کر ووٹ دیں کہیں ایسا نہ ہو کہ پھر ترقی کو ترس جائیں، دیگر صوبے کے لوگ کہتے ہیں پنجاب کی وزیراعلیٰ ہمیں دے دیں، کیا پنجاب کے لوگوں نے کبھی کہا ہے کہ دوسرا صوبے کا وزیراعلیٰ ہمیں دیں؟
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو بہترین اسپتالوں اور سڑکوں کی ضرورت ہے، آزاد کشمیر میں ستھرا پروگرام کی ضرورت ہے، آزاد کشمیر والوں سوچ کےووٹ دینا،یہ نہ ہوبعد میں پچھتانا پڑجائے، نواز شریف کی خدمات نکال دی جائیں تو کھنڈرات نظر آئیں، آپ نے ن لیگ کو کامیاب کرایا تو وہ ترقی آئی گی جو آپ کےخواب و خیال میں بھی نہ ہو، عوام نے موقع دیا تو آزاد کشمیر کی تقدیر بدل دیں گے