by Rao Imran Suleman
Rao Nama

مون سون کا نیا طاقتور سسٹم داخل کراچی سمیت ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی  

کراچی(پی این پی)مون سون کا نیا طاقتور سسٹم ملک میں داخل ہوگیا۔ آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران کراچی سمیت ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک میں داخل ہوگئی، کراچی میں 25 اور 26 جولائی کو  تیز ہواؤں،گرج چمک کے ساتھ  بارش کے امکانات ہیں۔ حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر اور سکھر میں بھی بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی ہے، اسلام آباد، کشمیر اور پنجاب کےمختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 24 سے27جولائی کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد میں موسلادھاربارش سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ ڈی جی خان کے ندی نالوں ،خیبر پختونخوا اور شمالی بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

بیان کے مطابق اس عرصے کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں،تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی گرنے سے کمزور تعمیرات و سولر پینلز کو نقصان کا خدشہ ہے، کسان اپنی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی موسم کی صورتحال کے مطابق کریں اور مویشیوں کی حفاظت کا خصوصاً خیال رکھیں۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق گزشتہ 4 روز کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں ریکارڈ مون سون بارشیں ہوئیں۔ سب سے زیادہ 383 ملی میٹر بارش لاہور میں ریکارڈ کی گئی۔ گوجرانوالہ میں 328، سیالکوٹ 321، نارووال 270 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔



PNP

Comments are closed.