فیفا صدر کا منصوبہ تنازع کا شکار، یوئیفا نے عالمی مقابلوں سے دستبرداری کی دھمکی دی
یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے فیفا کے ورلڈ کپ میں نجی سرمایہ کاروں کو حصہ فروخت کرنے کے مجوزہ منصوبے کے خلاف سخت مؤقف اختیار کر لیا ہے۔
یوئیفا نے واضح اعلان کیا ہے کہ اگر یہ منصوبہ آگے بڑھایا گیا تو یورپی ٹیمیں ورلڈ کپ سمیت تمام فیفا مقابلوں کا بائیکاٹ کریں گی۔
یوئیفا کی رکن فیڈریشنز کے آن لائن اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ جب تک فیفا اس منصوبے کو مکمل طور پر واپس نہیں لیتا، تب تک یوئیفا کی قومی ٹیمیں کسی بھی فیفا ایونٹ میں شرکت نہیں کریں گی۔
یوئیفا نے فیفا سے یہ ضمانت بھی مانگی ہے کہ آئندہ کبھی بھی مقابلوں یا گورننس میں نجی ملکیت کو شامل نہیں کیا جائے گا۔
یوئیفا کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کوئی سرمایہ کاری کی مصنوعات نہیں بلکہ فٹبال کا تاریخی ورثہ ہے جسے دنیا بھر کے کھلاڑیوں، ٹیموں اور شائقین نے نسلوں تک پروان چڑھایا ہے۔
یہ شدید ردعمل فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کی اس تجویز کے بعد سامنے آیا ہے جس میں فیفا کے تجارتی شعبے کے 20 فیصد حصے کو تقریباً 20 ارب ڈالر کے منصوبے کے تحت نجی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
اس منصوبے کے تحت فیفا کی جانب سے ہر رکن ملک کو 2 کروڑ ڈالر دینے کی پیشکش کی گئی ہے جس پر ستمبر کے وسط تک فیصلہ ہونا ہے۔
دوسری جانب ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ نے بھی بغیر مشاورت اس منصوبے کو آگے بڑھانے کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی بھی اقدام عالمی فٹبال کے موجودہ ڈھانچے کو کمزور کر دے گا۔
اس تمام تر تنازع پر فیفا صدر جیانی انفانٹینو کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں نجی سرمایہ کاری کی تجویز لازمی نہیں بلکہ محض ایک آپشن ہے، تاہم اس تجویز نے دنیا بھر کی فٹبال تنظیموں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
PNP
Comments are closed.