امریکا، ایران نئی جنگ بندی پر متفق ہوگئے،روسی میڈیا کا دعویٰ
امریکی اور ایرانی کشیدگی کے حوالے سے روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ممالک نئی جنگ بندی پر اتفاق کر چکے ہیں۔ رپورٹ میں ایران اور پاکستان میں موجود ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مجوزہ جنگ بندی میں آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آزادانہ آمدورفت کی اجازت بھی شامل ہوگی۔
روسی میڈیا کے مطابق جنگ بندی سے متعلق باضابطہ اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے، جس کے بعد مذاکرات اور تکنیکی سطح پر ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ثالثوں کی مدد سے امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ جنگ بندی کے لیے مذاکرات جاری رہے اور کسی ممکنہ معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کی جاتی رہی۔
روسی میڈیا کے مطابق اس سے قبل جون کے وسط میں دونوں ممالک کے درمیان اسلام آباد میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے، جس کا مقصد کشیدگی کم کرکے امن معاہدے کی راہ ہموار کرنا تھا۔ تاہم کچھ ہی عرصے بعد دونوں فریقوں کے درمیان دوبارہ تناؤ پیدا ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کے اقدامات بھی کیے گئے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیگر ممالک کو بھی ایران کے خلاف امریکی معاشی اقدامات میں تعاون کرنے پر زور دیا تھا۔
ایرانی حکام نے امریکی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ واشنگٹن جنگ سے متعلق صورتحال کا رخ تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
تاہم روسی میڈیا کی جانب سے سامنے آنے والے اس تازہ دعوے کی تاحال امریکا یا ایران نے باضابطہ طور پر تصدیق یا تردید نہیں کی۔ اس لیے جنگ بندی سے متعلق حتمی صورتحال سرکاری اعلان کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔
PNP
Comments are closed.