by Rao Imran Suleman
Rao Nama

امریکی پابندیوں پر ایرانی ترجمان کا طنزیہ ردعمل سامنے آگیا

تہران: ایرانی وزارتِ خارجہ نے ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی امریکی کوششوں پر ردعمل دیتے ہوئے واشنگٹن کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ امریکا کی جانب سے پیش کی جانے والی پابندیوں کا کوئی نیا جواز نظر نہیں آتا، کیونکہ واشنگٹن ان اقدامات کا اعلان کر رہا ہے جو پہلے ہی نافذ ہیں۔

اسماعیل بقائی نے امریکی پالیسی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اپنی نام نہاد اتحادی مہم کو کامیاب ثابت کرنے کے لیے بحرین سے رابطہ کر رہا ہے، حالانکہ ایران اور بحرین کے درمیان نمایاں معاشی لین دین موجود نہیں۔

ایرانی ترجمان کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کی کوششیں نئی نہیں اور تہران واشنگٹن کی اس حکمت عملی سے آگاہ ہے۔

اس سے قبل امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بحرین کے وزیر خزانہ شیخ سلمان بن خلیفہ آل خلیفہ سے رابطے کی تصدیق کی تھی۔

امریکی حکام کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں ایران پر مالی دباؤ برقرار رکھنے اور پابندیوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ عرصے میں پابندیوں، جوہری پروگرام اور خطے میں جاری کشیدگی کے باعث اختلافات برقرار ہیں، جبکہ دونوں جانب سے ایک دوسرے کی پالیسیوں پر مسلسل ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

PNP

Comments are closed.