کراچی(پی این پی)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت سائنس جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2026ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
روزنامہ جنگ کے مطابق چیئرمین انٹر بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں پہلی پوزیشن کونکورڈیا کالج گلشنِ حدید کیمپس کی طالبہ جنت بنت علی دوست رول نمبر 625716 نے ٹوٹل 1100 میں سے 1005 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی۔
دوسری پوزیشن آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کے طالبعلم حمزہ شکیل ولد شکیل احمد رول نمبر 605596 نے 1003 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ جبکہ تیسری پوزیشن بحریہ کالج ایم ٹی خان روڈ کی طالبہ لائبہ ذوالفقار بنت ذوالفقار علی رول نمبر 619907 نے 989 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی۔
چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے رواں سال امتحانات میں بہترین کارکردگی پر آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کو سراہتے ہوئے کہا کہ پری انجینئرنگ میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشنز حاصل کرنے کے بعد سائنس جنرل گروپ میں بھی آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کے طالبعلم کا دوسری پوزیشن حاصل کرنا طالب علموں، اساتذہ اور پرنسپل کی محنت، لگن اور بہترین رہنمائی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ کا نمایاں کامیابیاں حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ میں تعلیمی معیار مسلسل بہتر ہو رہا ہے۔
ناظمِ امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں 18 ہزار 913 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 18 ہزار 591 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 10 ہزار 511 امیدوار کامیاب قرار پائے۔
اس طرح کامیابی کا تناسب 56.54 فیصد رہا، ان امتحانات میں 748 امیدوار اے ون گریڈ، 2193 اے گریڈ، 3184 بی گریڈ، 3076 سی گریڈ، 1280ڈی گریڈ اور 20 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔
PNP
Comments are closed.