by Rao Imran Suleman
Rao Nama

لیونل میسی نے اپنے دو دہائیوں کے کیریئر میں کتنی دولت کمائی؟

لیونل میسی—فائل فوٹو

ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط اپنے کیریئر کے دوران کمائی گئی دولت کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

39 سالہ لیونل میسی نے 2005ء میں ارجنٹائن کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلا تھا، اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران انہوں نے 207 میچز میں 125 گول کیے۔

فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین اور امیر ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے میسی نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران 1 ارب ڈالرز سے زائد کی دولت کمائی۔

میسی نے 31 اگست 2026ء کو ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، ان کی قیادت میں ارجنٹائن نے 2021ء کا کوپا امریکا، 2022ء کا فیفا ورلڈ کپ اور 2024ء کا کوپا امریکا اپنے نام کیا۔

فوربز کے مطابق لیونل میسی نے اپنے پورے کیریئر میں مجموعی طور پر تقریباً 1.8 ارب ڈالرز کمائے، جس میں فٹبال سے حاصل ہونے والی آمدنی کے ساتھ اشتہارات، اسپانسر شپس اور دیگر کاروباری معاہدوں سے حاصل ہونے والی رقم بھی شامل ہے۔

ریٹائرمنٹ کے وقت میسی کی مجموعی دولت کا تخمینہ تقریباً 1.1 ارب ڈالرز لگایا گیا ہے، جس کے باعث وہ ان چند فٹبالرز میں شامل ہو گئے ہیں جو کھیل میں فعال رہتے ہوئے ارب پتی بنے۔

میسی کی دولت کا بڑا حصہ اسپین کے معروف کلب بارسلونا کے ساتھ ان کے غیر معمولی دور سے حاصل ہوا۔

نو عمری میں بارسلونا کی پہلی ٹیم کا حصہ بننے کے بعد میسی نے کلب کے ساتھ 17 سیزن گزارے، اس دوران انہوں نے 10 لالیگا ٹائٹلز اور 4 چیمپئنز لیگ ٹرافیاں جیتیں۔

میسی نے 2021ء میں بارسلونا کو خیرباد کہا اور اس کے بعد پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ 2 سیزن کھیلے۔

2023ء میں انہوں نے انٹر میامی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے میجر لیگ سوکر کا رخ کیا۔

فوربز کے مطابق 2026ء میں میسی کی آمدنی تقریباً 140 ملین ڈالرز رہی، جو تقریباً برابر حصوں میں میدان کے اندر فٹبال سے حاصل ہونے والی آمدنی اور میدان سے باہر اشتہارات و دیگر تجارتی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی آمدنی پر مشتمل تھی۔



PNP

Comments are closed.