by Rao Imran Suleman
Rao Nama

قومی اسمبلی کو خبردار کرتے ہیں تم سندھ تقسیم کی بات بھی نہیں کرسکتے: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

کراچی (پی این پی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے صوبوں کا فیصلہ ٹیلی ویژن پروگرام کے ذریعے نہیں اسمبلی میں ہونا ہے، قومی اسمبلی کو خبردار کرتے ہیں تم سندھ تقسیم کی بات بھی نہیں کرسکتے۔

نجی ٹی وی چینل ’’جیو نیوز‘‘ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کچھ اراکین آج یہ مؤقف بھی اختیار کر رہے تھے کہ سندھ کی تقسیم کے خلاف قرارداد دوبارہ نہیں آنی چاہیے، پیپلز پارٹی کی قیادت اور پارلیمانی پارٹی نے معاملے پر تفصیلی بحث کا فیصلہ کیا، پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا کہ سندھ کے حساس معاملے پر تفصیلی بحث اسی فورم پر کی جائے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی ہی وہ فورم ہے جہاں سندھ سے متعلق اہم معاملات پر تفصیلی بحث ہونی چاہیے، تمام اراکین کو سندھ کے معاملے پر اظہارِ خیال کا موقع ملا، اس معاملے کو تفصیل سے زیرِ بحث لانے کا مقصد مختلف مؤقف اور تجاویز کو ایوان کے سامنے لانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف اپوزیشن لیڈر کہتے ہیں کہ وہ سندھ کی تقسیم منظور نہیں کرتے، دوسری جانب ان کی پیش کردہ تحریر اور مؤقف میں واضح تضاد نظر آتا ہے، اپوزیشن لیڈر کے بیان اور ان کے پیش کردہ نکات میں تضاد موجود ہے، سندھ کی تقسیم کی مخالفت کے دعوے کے ساتھ ایسے نکات پیش کیے گئے جن پر سوالات اٹھتے ہیں، سندھ کی وحدت کے معاملے پر دوہرے مؤقف کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔



PNP

Comments are closed.