by Rao Imran Suleman
Rao Nama

جنوبی لبنان پر قابض اسرائیل کے فضائی حملوں میں 2 بچوں سمیت11افراد جاں بحق

بیروت: جنوبی لبنان کے علاقے کفررمان میں قابض اسرائیلی فوج کی طرف سے کیے جانے والے فضائی حملے کے نتیجے میں 2شیرخوار بچوں سمیت 9 شہری جاں بحق اور5 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ حملہ ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بناتے ہوئے کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ ایک اور فضائی حملے میں دو ریسکیو اہلکار بھی شہید ہو گئے۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی علاقے کفر رمان میں اسرائیلی جنگی طیارے نے نصف شب کے بعد ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا۔

اس حملے میں 9 افراد شہید ہوگئے جن میں دو معصوم بچے بھی شامل ہیں جبکہ 5 افراد زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک اور دوسرے کی تشویشناک ہے جب کہ دیگر 3 کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

سی علاقے میں ایک دوسرے حملے میں ایک اور گاڑی کو بھی ڈرون سے نشانہ بنایا گیا جس میں 2 افراد شہید ہوگئے۔ یہ گاڑی حزب اللہ کی اتحادی امل موومنٹ کے طبی امدادی گروپ رسالہ اسکاؤٹس کی تھی۔

اس حملے میں شہید ہونے والے دونوں افراد رسالہ اسکاؤٹس کے طبی عملے کے ارکان تھے اور کسی ریسکیو آپریشن کے لیے جا رہے تھے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں ہتھیار منتقل کرتے ہوئے حزب اللہ کے متعدد ارکان کو دیکھا جنہیں کارروائی میں نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے یہ بھی کہا کہ عمارت پر حملے میں شہریوں کی ہلاکتوں سے متعلق رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا۔

اسرائیلی فوج کے بقول حزب اللہ نے اسرائیلی فوج پر دو دھماکا خیز ڈرونز سے حملہ کیا تھا تاہم ان حملوں میں کوئی اسرائیلی فوجی زخمی نہیں ہوا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ جوابی کارروائی میں جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ کے انفرااسٹرکچر، جن میں ایک اسلحہ ڈپو بھی شامل تھا کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے بتایا کہ گزشتہ روز حزب اللہ کے ایک الگ ڈرون حملے کے جواب میں نبطیہ میں بھی حزب اللہ کے متعدد جنگجو کو کامیابی سے نشانہ بنایا تھا۔

قبل ازیں اسرائیلی فوج نے دیر الزہرانی میں ایک عمارت کو نشانہ بنانے سے پہلے وہاں موجود افراد کو انخلا کی وارننگ جاری کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

PNP

Comments are closed.