by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں ستمبر کا 9 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

کراچی (پی این پی) شہر قائد میں ستمبرکے مہینے میں گرمی کا 9 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق پیرکو شہرکے سرکاری ویدراسٹیشن(پہلوان گوٹھ ) پرزیادہ سے زیادہ پارہ 40.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ درجہ حرارت میں و نمی کےتناسب میں اضافے کے سبب ہیٹ انڈیکس کئی ڈگری زیادہ رہا۔ حالیہ گرمی کی وجہ بحیرہ عرب میں بننے والاسرکولیشن اورالنینوکا فعال ہونا ہے،بدھ سےگرمی کی شدت کمی متوقع ہے۔ 30 ستمبرسن 1951 کو کراچی کا پارہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوچکا ہے۔

 انجم نذیرضیغم ترجمان وڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات کے مطابق ماہ ستمبرکے اوائل میں معتدل موسم کے بعد شہرمیں گزشتہ کئی روزسے گرمی کی شدت میں متواتراضافہ ریکارڈ ہورہا ہے، جس کی وجہ سےگرم ومرطوب موسم ریکارڈ ہوا۔پیرکو ستمبرکے مہینے میں سن 2017 کے بعد شہرمیں گرمی میں اضافہ رہا، جس کےدوران زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 40.7ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ ہوا۔یوں ستمبرکے مہینے میں گرمی کا 9 سالہ سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گیا کیونکہ سن 2017 میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.5 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا۔ انجم نذیر کے مطابق ستمبرکے مہینے میں کراچی میں گرمی کا ریکارڈ 43 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جو کہ 30 ستمبرسن 1951 کو ریکارڈ ہوا تھا۔

 شہرمیں گرمی وبارش ناپنے کےلیے نصب دیگرویدر اسٹیشن پر متفرق درجہ حرارت ریکارڈ کیے گئے، جناح ٹرمینل پرزیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 41.2 ڈگری،گلستان جوہرمیں 41 ڈگری، شاہراہ فیصل 39.5،ماڑی پورمیں 39 ڈگری جبکہ سب سے کم درجہ حرارت بن قاسم ویدراسٹیشن پر34.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

 انجم نذیرکے مطابق گرمی کی وجہ بحیرہ عرب میں بننے والا ایک سرکولیشن تھا، جس کی وجہ سے سمندری سرکولیشن کی وجہ سے ہواؤں کا رخ تبدیل ہوا جبکہ سمندر کی جنوب مغربی کم رفتارہواوں کی وجہ سےدرجہ حرارت میں اضافہ ہوا۔

 ترجمان محکمہ موسمیات کا مزید کہناہےکہ منگل کوزیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے تاہم بدھ سے گرمی کی شدت میں کمی ہونے کا امکان ہے، جس کےبعد زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 35ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہونے کی توقع ہے۔

 محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کے مطابق منگل اوربدھ کو شہرکا مطلع گرم ومرطوب رہ سکتا ہے جبکہ نمی کا تناسب 55 فیصد تک بڑھنے کے سبب اصل درجہ حرارت سے چند ڈگری زیادہ گرمی محسوس کی جاسکتی ہے۔اس کے علاوہ سمندری ہواوں کے ساتھ مغربی سمت کی ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے، سندھ کے دیگر شہر بدستور گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ دیہی سندھ کےشہروں شہیدبےنظیرآباد،خیرپوراورحیدرآباد(سٹی)کا زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 42ڈگری جبکہ چھورکا درجہ حرارت 41.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔



PNP

Comments are closed.