by Rao Imran Suleman
Rao Nama

خلیجی توانائی تنصیبات کی بحالی، امریکا کی 5 ارب ڈالر پیشکش

امریکا نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران متاثر ہونے والی خلیجی توانائی تنصیبات کی بحالی اور آبنائے ہرمز کے متبادل برآمدی راستوں کی تیاری کیلئے 10 ارب ڈالر کے کثیر ملکی فنڈ کی تجویز دی ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق مجوزہ فنڈ میں امریکا نے 5 ارب ڈالر فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے، جبکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت، عمان، عراق اور اردن سے مجموعی طور پر مزید 5 ارب ڈالر حاصل کرنے کی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کا نام پارٹنرشپ فار الائیڈ ٹرسٹ اینڈ کنسٹرکشن تجویز کیا گیا ہے، جبکہ فنڈ کے انتظام کی ذمہ داری امریکی ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن کو دیے جانے کی تجویز ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے پر بات چیت ابھی جاری ہے اور اس کی شرائط میں تبدیلی ممکن ہے۔ یہ بھی حتمی طور پر طے نہیں ہوا کہ کون سے ممالک اس فنڈ میں شامل ہوں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنگ کے دوران ایرانی میزائلوں اور ڈرون حملوں میں خلیجی خطے کی متعدد ریفائنریاں، آئل فیلڈز اور گیس برآمدی مراکز متاثر ہوئے۔ حالیہ دنوں میں سعودی عرب کی ایک بائی پاس پائپ لائن کو ڈرون حملے کا نشانہ بنائے جانے کے بعد خام تیل کی نقل و حمل کیلئے آبنائے ہرمز پر انحصار میں اضافہ ہوا، جس کے باعث ٹینکرز کے کرائے بھی بلند سطح پر پہنچ گئے۔

دوسری جانب بعض خلیجی حکام نے جنگ بندی یا امن معاہدے سے قبل تعمیر نو کیلئے فنڈز جاری کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا خدشہ ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو بحال کی جانے والی توانائی تنصیبات دوبارہ حملوں کا نشانہ بن سکتی ہیں۔

PNP

Comments are closed.