ہنی ٹریپ کے ذریعے گاڑی ہتھیانے والا میاں بیوی گرفتار
کراچی(پی این پی)کراچی پولیس نے ہنی ٹریپ کے ذریعے شہری کی قیمتی گاڑی ہتھیانے اور واردات کو اسٹریٹ کرائم کا رنگ دینے والے میاں بیوی کو چند گھنٹوں میں گرفتار کرلیا۔
پولیس نے گاڑی بھی برآمد کرلی، جب کہ ملزمان سے دیگر وارداتوں اور ان کے سابقہ ریکارڈ کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔پولیس کے مطابق ڈیفنس میں کالا پل کے قریب ایک نجی اسپتال کے باہر گاڑی چھیننے اور 14 تولے سونے کے زیورات لوٹنے کی واردات کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ واقعے میں مبینہ طور پر خود شہری کو اپنے جال میں پھنسانے والی خاتون اور اس کا شوہر ملوث ہیں۔ ملزمہ ڈاکٹر انعم عروج اور اس کے شوہر رضوان آرائیں نے مبینہ طور پر واردات کی منصوبہ بندی کی تھی۔تحقیقات کے مطابق ملزمہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے شہری سے رابطہ کیا اور اسے ملاقات کے لیے بلایا۔ شہری اپنی قیمتی گاڑی لے کر مقررہ مقام پر پہنچا تو ملزمہ نے اسے راستے میں اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے کے لیے بھیج دیا۔ اس دوران مبینہ طور پر گاڑی ہتھیانے کا منصوبہ عملی جامہ پہنایا گیا۔پولیس کے مطابق شہری کی واپسی پر ملزمہ نے اسے بتایا کہ اس کی گاڑی اور زیورات اسٹریٹ کرمنلز لوٹ کر لے گئے ہیں، تاہم اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) نے واقعے کی تحقیقات کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں گاڑی برآمد کرلی۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ گاڑی چھینے جانے کا واقعہ مبینہ طور پر منصوبہ بندی کے تحت پیش کیا گیا تھا اور ملزمہ کا شوہر گاڑی لے جانے میں ملوث تھا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم شوہر نے دوران تفتیش بتایا کہ گاڑی بنوں کے ایک شہری کو رحیم یار خان میں فروخت کرنے کا منصوبہ تھا۔ تاہم گاڑی کی منتقلی، جیمر کی خریداری اور طلائی زیورات کے حوالے سے کیے گئے دعوؤں سمیت واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔پولیس نے ملزمہ ڈاکٹر انعم عروج اور اس کے شوہر رضوان آرائیں کو گرفتار کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے سابقہ ریکارڈ کی جانچ کے ساتھ یہ بھی معلوم کیا جارہا ہے کہ آیا وہ اس نوعیت کی دیگر وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں یا نہیں۔
PNP
Comments are closed.