لاہور: پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پارٹی کے سینئر عہدیداران پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وفد میں پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، مرکزی نائب صدر مہرین ملک آدم، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری انفارمیشن انیلہ ایاز چودھری ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفی ملک، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رحیم اعوان، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری عاطف مغل، صدر فیڈرل کیپٹل رضوان صادق خان سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔


چوہدری شافع حسین نے وفد کو بتایا کہ پنجاب کو سرمایہ کاری کا مرکز بنا دیا گیا ہے، جس کی بدولت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین سمیت دیگر غیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں کارخانے قائم کر رہی ہیں جبکہ مقامی سرمایہ کار بھی نئے صنعتی منصوبوں میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا اور یہی جماعت ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاست کا محور رواداری، شرافت اور عوامی خدمت ہے، اور اسی سوچ کو ہم آگے بڑھا رہے ہیں۔
اس موقع پر چوہدری شافع حسین نے پاکستان کی مسلح افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ بہادر افواج نے مکار دشمن بھارت کو چند گھنٹوں میں عبرت ناک شکست دے کر اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار شکست کے بعد شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اس کی گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ کو ہر سطح پر منظم اور فعال بنایا جائے گا۔ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
https://x.com/Apnawatan249671/status/1929884109985169829