اعتصام الحق
میں جب اس عمارت کے قریب پہنچا تو اس کے وسیع و عریض رقبے کو دیکھ کر ہی حیران رہ گیا ۔مختلف عمارتیں الگ الگ مقاصد کے لئے تھیں لیکن مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ایک عمارت خاص طور پر لائبریری کے لئے بھی مختص تھی۔
یوں یہ یقین اور پختہ ہوا کہ ادب کا تاریخ میں ایک اہم مقام ہے اور آج جب ہر چیز ڈیجیٹل ہو گئی ہے،تب بھی ان کتابوں کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں۔یہ عمارت چین کے ایک ایسے علاقے کی تاریخ کو بیان کرتی ہے جس نے چین کو وسطی ایشیا ء اور یورپ سے جوڑے رکھا۔ایک ایسا علاقہ جو قدیم سلک روٹ کا ایک اہم پڑاؤ تھا اور آج ایک بہترین معاشی ،ثقافتی اور سیاحتی علاقہ ہے۔
یہ علاقہ ہے چین کا ننگشیا ہوئی خود اختیار علاقہ اور یہ عمارت ہے ننگشیا میوزیم ۔
نینگشیا ہوئی خود اختیار علاقے کا عجائب گھر جسے مختصراً ننگشیا میوزیم کہا جاتا ہے، صرف ایک عمارت نہیں بلکہ تاریخ کی ایک زندہ داستان ہے۔ یہ عجائب گھرانچوان شہر کے دل میں واقع ہے، جہاں ہزاروں سال پرانی تہذیبوں کے نقوش آج بھی زندہ ہیں۔
اس کی تعمیراتی خوبصورتی، قدیم نوادرات، اور جدید ٹیکنالوجی کا امتزاج اسے صرف ایک میوزیم نہیں بلکہ نینگشیا کی ثقافتی پہچان بناتا ہے۔
نینگشیا میوزیم کی کہانی 1959 سے شروع ہوتی ہے، جب اسے نینگشیا جیولوجیکل میوزیم کے نام سے قائم کیا گیا۔ 1973 میں اس کا نام تبدیل کر کے نینگشیا ہوئی خود اختیار علاقے کا عجائب گھر رکھ دیا گیا۔ پھر 2006 میں، ایک نئی اور شاندار عمارت کی تعمیر شروع ہوئی، جس پر 22.8 کروڑ یوان کی خطیر رقم خرچ ہوئی۔ دو سال کی محنت کے بعد، 2008 میں یہ عجائب گھر عوام کے لیے کھول دیا گیا۔
ماضی کے کسی میوزیم کی طرح یہاں صرف نوادرات اورانمول اثاثے ہی نہیں بلکہ اب ہر کمرے میں ڈیجٹل دنیا کا رنگ نظر آتاہے۔بچے بڑی بڑی ٹچ اسکرینز پر اپنی مرضی سے کیٹیگریز منتخب کر سکتے ہیں اور اس علاقے کی تاریخ یہاں حکمرانی کرنے والوں کے اقدامات ،یہاں کا رہن سہن ،یہاں کا تعلیمی نظام اور یہاں کی بودو باش کو اپنے انداز میں اپنے سامنے اسکرین پر دیکھ سکتے ہیں۔
یوں یہ عجائب گھر نئی دنیا کی شکل لئے لوگوں کو اس خطے کی تاریخ بھی سنا تا ہے ۔
میں جب اس عمارت میں داخل ہوا تو ایک وسیع دالان نے میرا استقبال کیا ۔دائیں اور بائیں جانب دو منزلہ عمارت کا نظارہ ملا اور دونوں جانب ایکسکلیٹرز دیکھے لیکن جس چیز نے سب سے زیادہ حیران کیا وہ یہاں لوگوں کا رش تھا ۔شاید میں نے اپنی زندگی میں کسی عجائب گھر میں اس قدر رش نہیں دیکھا تھا ۔کیا بڑے کیا بچے اور کیا خواتین۔سب ننگشیا کی تاریخ کو جاننے کے لئے یہاں موجود تھے اور گزری دنیا اور اس کے لوگوں کی زندگی کے بارے میں جان رہے تھے ۔
اس عجائب گھر کی عمارت دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال دیتی ہے۔ شیشے کے باکسز اور پتھر کی دیواریں قدیم اور جدید فن تعمیر کا بہترین امتزاج پیش کرتی ہیں۔
عمارت کے بیرونی حصے پر تاریخی تصاویر کندہ ہیں، جو ننگشیا کی ثقافتی وراثت کی عکاسی کرتی ہیں۔ چاروں دروازوں پر بنے نقوش اور ڈیزائن بھی قدیم چینی اور ہوئی ثقافت کی جھلک دکھاتے ہیں۔ ننگشیا میوزیم میں 40,000 سے زائد نوادرات محفوظ ہیں، جن میں سے 159 قومی درجے کے اعتبار سے اولین درجے کے خزانے ہیں۔ ان میں سے کچھ ایسے ہیں جو دنیا بھر میں منفرد ہیں۔
ہو شوان رقص کی کندہ کاری والا پتھر کا دروازہ قدیم رقص کی تصویر کشی کرتا ہے، جو ہوئی ثقافت کی رونق کو اجاگر کرتا ہے۔ اس کے علاوہ کانسی کا سنہری بیل بھی یہاں موجود ہے جو نایاب ترین نوادرات میں سے ایک ہے اور قدیم دور کی مہارت کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ تمام خزانے نہ صرف ننگشیا بلکہ پورے چین کی تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔
2018 میں، ننگشیا میوزیم کو "قومی پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کے طلباء کے لیے تحقیق اور مشق کا مرکز” قرار دیا گیا۔ 2020 میں، اسے "چین کے ٹاپ 10 میوزیمز کی فہرست میں شامل کیا گیا۔یوں یہ عجائب گھر نہ صرف سیاحوں بلکہ طلباء اور محققین کے لیے بھی علم کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
نینگشیا میوزیم صرف ایک عجائب گھر نہیں، بلکہ ایک زندہ تاریخ ہے۔ یہاں ہر نوادرات، ہر دیوار، اور ہر نقش اپنی کہانی سناتا ہے۔ اگر آپ نینگشیا کی ثقافت، تاریخ اور فن کو سمجھنا چاہتے ہیں، تو یہ عجائب گھر آپ کے لیے ایک جادوئی دروازہ ہے۔