ایم این اے فرخ خان کی قیادت میں مستحق خواتین میں رمضان راشن تقسیم
مشکل حالات میں مستحق خاندانوں کی معاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا،صدر ق لیگ خواتین ونگ
اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ق) خواتین ونگ کی مرکزی صدر اور رکن قومی اسمبلی فرخ خان نے کہا کہ رمضان المبارک ہمدردی، ایثار اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا ہم سب کی دینی و سماجی ذمہ داری ہے،مسلم لیگ (ق) عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور سمجھتی ہے اور مشکل حالات میں مستحق خاندانوں کی معاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ہائوس میں مسز فرخ خان کی زیر قیادت خواتین ونگ کی جانب سے مستحق خواتین میں رمضان المبارک کے پیش نظر راشن تقسیم کیا گیا۔ راشن کی تقسیم کے دوران مستحق خاندانوں کو بنیادی اشیائے خورونوش فراہم کی گئیں تاکہ وہ مقدس مہینے میں بہتر طور پر گزارا کر سکیں۔ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ خان نے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر مستحق خاندانوں تک راشن کی فراہمی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ کوئی بھی ضرورت مند اس بابرکت مہینے میں مشکلات کا شکار نہ ہو۔ فرخ خان نے مخیر حضرات اور پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔تقریب کے اختتام پر مستحق خواتین نے راشن کی فراہمی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے انہیں رمضان المبارک میں خاطر خواہ سہولت میسر آئی ہے۔