by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ٹرمپ ایران معاہدے پر فیصلہ نہ کر سکے، اہم اجلاس بغیر نتیجہ ختم

، ٹرمپ نے مزید مشاورت کا عندیہ دے دیا

0

واشنگٹن، 30 مئی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع سے متعلق مجوزہ معاہدے پر حتمی فیصلہ کرنے میں ناکام رہے، جس کے بعد معاملہ مزید مشاورت کے لیے مؤخر کر دیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں صدر ٹرمپ کی زیرِ صدارت تقریباً دو گھنٹے تک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایران کے ساتھ جاری مذاکرات، آبنائے ہرمز کی صورتحال اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق اجلاس کے اختتام پر کسی حتمی معاہدے یا فیصلے کا اعلان نہیں کیا گیا، جبکہ وائٹ ہاؤس نے صرف اجلاس کے انعقاد اور اختتام کی تصدیق کی ہے۔ حکام کی جانب سے مذاکرات کی تفصیلات یا آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی بحری کارروائیوں اور ناکہ بندی کے باعث متاثر ہونے والی تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے بعض پابندیوں میں نرمی کی جا سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے بھی کوئی حتمی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان مجوزہ معاہدے کے کئی اہم نکات تاحال زیرِ غور ہیں، جن میں جنگ بندی کی مدت، بحری آمدورفت، علاقائی سلامتی اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاملات شامل ہیں۔ اسی وجہ سے مذاکرات کا عمل جاری رہنے کا امکان ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.