ایران کو دھمکی دینے کا دور ختم ہو چکا، ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے: قالیباف
جارحیت کا جواب دینا جانتے ہیں،
تہران۔ویب ڈیسک 5جون 2026:
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کو دھمکی دینے اور اس کے نتائج سے بچ نکلنے کا دور ختم ہو چکا ہے، جبکہ حالیہ واقعات نے ثابت کر دیا ہے کہ ایران کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
امام خمینیؒ کی 37ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی قوم نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ وہ کسی بھی دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکائے گی۔
انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے ایرانی قوم کو یہ سبق دیا تھا کہ کسی بھی جارحیت، دباؤ یا بالادستی کے سامنے گھٹنے نہ ٹیکے جائیں اور ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے۔
ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ ملک میں کروڑوں افراد امام خمینیؒ اور آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعلیمات اور ان کے چھوڑے ہوئے ورثے کی پیروی کرتے ہوئے قومی خودمختاری کے خلاف کسی بھی بیرونی مداخلت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے متحد ہیں اور کسی بھی بیرونی دباؤ کو قبول نہیں کریں گے۔