ملتان میں غربت کے باعث ایک باپ اپنے جوان بیٹے کی لاش بغیر کفن رشید آباد قبرستان لے پہنچا
متوفی کے والد نے بتایا کہ وہ شدید غربت اور مالی مشکلات کا شکار ہیں
ملتان: غربت کی انتہا، باپ جوان بیٹے کی لاش بغیر کفن قبرستان لے پہنچا، حکمرانوں کی معاشی پالیسیوں پر سوالات
ملتان میں غربت اور شدید مالی تنگی کی ایک دل دہلا دینے والی تصویر سامنے آگئی، جہاں ایک مجبور باپ اپنے جوان بیٹے کی لاش بغیر کفن رشید آباد قبرستان لے پہنچا۔
اطلاع ملنے پر لوہاری گیٹ تھانے کی پولیس فوری طور پر قبرستان پہنچی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت دانش کے نام سے ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق متوفی کے والد نے بتایا کہ وہ شدید غربت اور مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کے پاس نہ کفن خریدنے کے لیے رقم تھی اور نہ ہی تدفین کے دیگر اخراجات پورے کرنے کی استطاعت۔ مجبوری کے عالم میں انہوں نے اپنے بیٹے کی لاش صرف ایک چادر میں لپیٹ کر دفنانے کی کوشش کی۔
یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی سنگین صورتحال کو اجاگر کرتا ہے۔ معاشی مشکلات نے ایسے بے شمار خاندانوں کو بنیادی ضروریاتِ زندگی سے بھی محروم کر دیا ہے، جہاں زندہ رہنا تو درکنار، اپنے پیاروں کی باعزت تدفین بھی ایک خواب بنتی جا رہی ہے۔
سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے حکومتی کارکردگی، عوامی فلاح کے نظام اور معاشی پالیسیوں پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت ایسے مستحق خاندانوں کے لیے فوری اور مؤثر امدادی اقدامات کرے تاکہ کوئی بھی خاندان غربت کے باعث اس کربناک صورتحال کا سامنا نہ کرے۔
واضح رہے کہ پولیس نے موقع پر ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد تدفین کے انتظامات میں بھی معاونت فراہم کی۔