by Rao Imran Suleman
Rao Nama

سوڈان میں سونے کی کان پر فضائی حملے سے 72 افراد جاں بحق

 

سوڈان اور مصر کی سرحد کے قریب واقع سونے کی ایک کان پر ہونے والے شدید فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم72 مزدور جاں بحق ، 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔ عرب میڈیا اور خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق یہ ہولناک واقعہ جبل العقائد کے مقام پر پیش آیا، جہاں رواں سال کا یہ دوسرا بڑا فضائی حملہ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایمرجنسی لائرز کے حقوق کی تنظیم نے اس حملے کا الزام مصری فضائیہ پر عائد کیا ہے۔ تاہم بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی طرف سے اس الزام کی آزادانہ تصدیق نہیں کی جا سکی ہے اور سوڈانی یا مصری حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

دستاویزات اور دستیاب اطلاعات کے مطابق رواں سال جون میں بھی اسی غیر رسمی سونے کی کان کنی کے مقام پر ایک حملے میں 23 مزدور ہلاک ہو چکے ہیں۔ مصری فوج نے حالیہ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، تاہم اس سے قبل فوج کا یہ موقف سامنے آ چکا ہے کہ اس نے اپنی سرحدوں کے اندر سونے کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف “”بڑے پیمانے پر آپریشن”” کیا ہے۔

واضح رہے کہ سوڈان اور مصر کے درمیان سرحد متنازع چلی آ رہی ہے اور دونوں ممالک وسائل سے مالا مال حلیب مثلث پر اپنا دعویٰ رکھتے ہیں۔ اس کے باوجود قاہرہ کو سوڈان کی فوج کا ایک اہم اتحادی سمجھا جاتا ہے جو اس وقت ملک میں نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے خلاف برسرپیکار ہے۔

PNP

Comments are closed.