by Rao Imran Suleman
Rao Nama

سندھ ہائیکورٹ کا نجی سکولوں کو جون جولائی کی فیس ایک ساتھ وصول نہ کرنے کا حکم

کراچی(پی این پی)سندھ ہائیکورٹ نے نجی سکولوں کو چھٹیوں کی فیس وصولی کا نوٹس مئی میں جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق جون، جولائی کی فیس،کتابیں اور یونیفارم کی خریداری کے خلاف درخواست پر سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی، جس دوران سرکاری وکیل اور نجی سکول کے ڈائریکٹوریٹ کا نمائندہ عدالت میں پیش ہوا۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ فیس وصولی کے لیے ایک ساتھ 2،2 واؤچر تھما دیئے جاتے ہیں، چھٹیوں میں سکول کی طرف کوئی سرگرمی نہیں ہوتی، اس لیے فیس وصول نہیں کی جاسکتی۔

عدالت نے سکول انتظامیہ کو ایک ساتھ فیس وصول کرنے سے روکتے ہوئے ہدایت کی کہ چھٹیوں کی فیس وصولی کا نوٹس مئی میں دیا جائے، جون جولائی کی چھٹیوں کی فیس کے لیے 30 جون اور 30 جولائی تک کا وقت دیا جائے۔

سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ یونیفارم اور کتابوں کا معاملہ سکول ڈائریکٹوریٹ اور فریقین بیٹھ کر معاملہ حل کریں، آئندہ 2 ہفتوں میں فریقین کتابوں اور یونیفارم کے معاملے پر میٹنگ کریں۔

عدالت نے نجی سکول ڈائریکٹوریٹ اور دیگر کو ہدایت دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔



PNP

Comments are closed.