اڑتیس سال اقتدار میں رہنے والوں نے عوام کو اُلّو بنایا، پانی نہیں دیا، مرتضیٰ وہاب
وعدے نہیں، عملی کام کر رہے ہیں
کراچی ۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سیاسی مخالفین پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 38 برس تک اقتدار میں رہنے والوں نے ترقی کے دعوے تو بہت کیے، لیکن حقیقت میں کراچی کے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا اور انہیں صرف وعدوں پر ٹرخایا۔

رنچھوڑ لائن میں میر محمد بلوچ واٹر پمپنگ اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جس پمپنگ اسٹیشن کا آج افتتاح کیا جا رہا ہے، اس کا سنگِ بنیاد 1991 میں رکھا گیا تھا، مگر اس وقت کے ذمہ داران صرف تصویریں بنوا کر چلے گئے اور منصوبہ مکمل نہ ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ اُس وقت کے میئر بعد میں صوبائی وزیر اور دیگر اعلیٰ عہدوں پر بھی فائز رہے، جبکہ 2001 میں ناظم اعلیٰ بننے والے بھی آج کراچی کی ترقی کے دعوے کرتے ہیں، لیکن شہر کے عوام کو پانی جیسی بنیادی سہولت فراہم نہ کر سکے۔

میئر کراچی نے کہا کہ بعض سابقہ میئرز اختیارات نہ ہونے کا شکوہ کرتے رہے، جبکہ موجودہ انتظامیہ نے وعدوں کے بجائے عملی اقدامات پر توجہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم جو وعدہ کرتے ہیں، اسے پورا بھی کرتے ہیں۔ ہم عوام میں سے تھے، عوام میں ہیں اور عوام کے درمیان ہی رہیں گے۔”
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے 38 سال تک کراچی کے عوام سے ووٹ لیے، وہ انہیں پینے کا صاف پانی تک فراہم نہ کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ بلدیاتی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور شہر کے ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔