by Rao Imran Suleman
Rao Nama

مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ جرأت، دلیل اور وقار کے ساتھ آواز بلند کرنے والے بلاول بھٹو کو سیاسی ہدف بنانا ن لیگ کی سیاسی بوکھلاہٹ کا اظہار ہے، سینیٹر وقار مہدی 

کراچی (پی این پی) پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی کا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر رد عمل سامنے آگیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بڑھتی ہوئی قومی و بین الاقوامی پذیرائی سے مریم نواز کو  پریشانی ہے۔ مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ جرأت، دلیل اور وقار کے ساتھ آواز بلند کرنے والے بلاول بھٹو زرداری کو سیاسی ہدف بنانا ن لیگ کی سیاسی بوکھلاہٹ کا اظہار ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج مسئلہ کشمیر  پر پاکستان کی سب سے مؤثر، توانا، باوقار اور مضبوط آواز بن کر ابھرے ہیں۔ 

سینیٹر وقار مہدی نے کہا   چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سیاست، عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی غیرمتزلزل حمایت پر استوار ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام کے سامنے اپنی جماعت کا منشور اور کارکردگی پیش کرنے کے بجائے مریم نواز نے اپنی تقریر کا رخ پیپلز پارٹی کے خلاف موڑ دیا۔  پیپلز پارٹی کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کرنا نواز لیگ کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے۔ قوم کو پتا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور صدر آصف علی زرداری کے خلاف تاریخ کا مہنگا ترین میڈیا ٹرائیل  کے اسپانسرڈ کون تھے ۔ مریم نواز کو پتہ ہونا چاہیے کہ آزاد کشمیر کو وفاقی حکومت گرانٹ دیتی ہے۔ افسوس ہے کہ 2013ع کے بعد آنے والی وفاقی حکومتوں کی ایجنڈا پر آزاد کشمیر کی عوام کی  خوشحالی و بہبود انکی ترجیح نہیں رہا۔ یہ مضبوط تاثر موجود ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت صرف جلسہ کی خاطر  چند گھنٹوں کیلیئے آزاد کشمیر آتے ہیں۔

 سینیٹر وقار مہدی نے مزید کہا کشمیری عوام  اپنا فیصلہ  بلند و بانگ دعوؤں پر نہیں بلکہ ان کی کارکردگی، مستقل مزاجی اور قربانیوں کی بنیاد پر کرتے ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر کے باشعور عوام ذاتی حملوں اور منفی سیاست اور کھوکھلے نعروں کو مسترد کرتے ہیں۔ آزاد کشمیر کے عوام ایسی قیادت کا انتخاب کریں گے جس نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر ان کے حقوق کی آواز بلند کی ہے۔ پیپلز پارٹی کی سیاست مخالفین کو بدنام کرنے کی نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنے کی سیاست ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مشکل ترین حالات میں بھی عوامی خدمت، جمہوری تسلسل اور آئین کی بالادستی کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ منفی پروپیگنڈے کا جواب ہم ہمیشہ اپنی جمہوری جدوجہد، عوامی خدمت اور پاکستان و جموں و کشمیر کے عوام سے غیرمتزلزل وابستگی کے ذریعے دیتے رہیں گے۔



PNP

Comments are closed.