واشنگٹن میں جنگلات کی آگ بے قابو، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل
امریکی ریاست واشنگٹن کے مشرقی علاقوں میں جنگلات میں بھڑکنے والی آگ تاحال بے قابو ہے، جس کے باعث ہزاروں افراد کو اپنے گھر خالی کر کے محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا، جبکہ سیکڑوں عمارتیں آگ کی لپیٹ میں آ کر تباہ ہو گئی ہیں۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ ریاست کے دوسرے بڑے شہر سپوکین اور اس کے نواحی علاقوں تک پھیل چکی ہے اور اب تک تقریباً 21 مربع کلومیٹر رقبہ متاثر ہو چکا ہے۔
رپورٹس کے مطابق حکام نے احتیاطی تدابیر کے تحت تقریباً 5 ہزار گھروں کو خالی کرا لیا ہے، جبکہ لگ بھگ 700 مکانات، کاروباری مراکز اور دیگر عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔
واشنگٹن میں لگنے والی یہ آگ مغربی امریکا میں مختلف مقامات پر بھڑکنے والی متعدد جنگلاتی آگ کا حصہ ہے، جس نے آگ بجھانے والے وفاقی، ریاستی اور مقامی اداروں کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔
دوسری جانب مغربی اڈاہو اور مشرقی اوریگن کے گھاس زاروں میں بھی آگ پر قابو پانے کی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔ بلڈوزروں، ہیلی کاپٹروں اور فائر فائٹنگ ٹیموں کی مدد سے آپریشن جاری ہے، تاہم آگ اب تک تقریباً 1,360 مربع کلومیٹر رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر مکمل قابو پانے کے لیے امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
PNP
Comments are closed.