کراچی (پی این پی) پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن اور گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل اور بے جا جرمانوں کے خلاف 8 اگست سے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی چینل ’’ ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق مرکزی صدر پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن تنویر جٹ نے کہا کہ 8 تاریخ سے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال ہوگی اس لیے حکومت سے گزارش ہے قبل از وقت ہمارے مطالبات پورے کرلیں، کیونکہ پہیہ جام ہڑتال سے ملک میں درآمدات اور برآمدات کا کاروبار متاثر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل روزانہ کی بنیاد کے بجائے ماہانہ بنیاد پر کی جائے، ٹول ٹیکس اور بے جا جرمانوں سے ہمیں چھوٹ دی جائے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری اویس گجر نے کہا کہ ایکسل لوڈ لمٹ قانون کے مطابق طے کی جائے، اس کی مد رشوت کا بازار گرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹول ٹیکس کی مد میں اربوں روپے جمع کرواتے ہیں، ہمیں اتنے ٹیکس کے بدلے کوئی سہولت نہیں ملتی، سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں، جو حادثات کی بڑی وجہ ہے۔
چوہدری اویس گجر نے کہا کہ سڑکوں پر آرٹی سیکریٹری کی ٹیم اور پیٹرولنگ پولیس والے ہراساں کرتے ہیں، ہمارے لیے یہ ڈاکو فورس بن چکی ہے، ان کو ان کا اصل کام کرنا چاہیے۔
خالد آرائیں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہم ہڑتال کی جانب جا رہے ہیں، دوسرے ممالک میں ٹرانسپورٹرز کو سہولیات دی جاتی ہیں یہاں معاملات الٹ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے ہماری گاڑیاں جلائیں ملیکن حکومت نے کوئی معاوضہ نہیں دیا، ہم اپنی گاڑی کھڑی کر دینگے، ہم ایڈوانس ٹیکس دیتے ہیں، حکومت ہمیں کیا سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔
خالد آرائیں نے کہا کہ یونیفارم میں ملبوس اہلکار ہمارے ڈرائیورز کے ساتھ بدتمیزی کرتے ہیں، اوور لوڈنگ پر جرمانے کرتے ہیں، پولیس صرف چالان اکٹھے کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوور لوڈ والی گاڑی سڑک پر نہیں چلنی چاہیے، حکومت ہمارے ساتھ بیٹھے تو دو گھنٹوں میں مسائل حل ہوسکتے ہیں۔
PNP
Comments are closed.