رواں سال مزید 3لاکھ سے زائد پاکستانی بہتر مستقبل کیلئے بیرون ملک روانہ
اسلام آباد (پی این پی)پاکستان میں خراب معاشی و سیاسی حالات کے باعث رواں سال مزید 3 لاکھ سے زائد پاکستانی بہتر مستقبل کیلئے بیرون ملک منتقل ہوگئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2026ء کے پہلے چھ ماہ (جنوری تا جون)کے دوران 3 لاکھ 17 ہزار 436پاکستانی بیرون ملک روزگار کے لیے گئے، جن میں ڈاکٹرز، سافٹ ویئر انجینئرز، آئی ٹی ماہرین، پٹرولیم و مکینیکل انجینئرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ٹیکنیشنز شامل ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب سرفہرست رہا جہاں ایک لاکھ 83ہزار 951پاکستانی روزگار کیلئے گئے، جبکہ متحدہ عرب امارات دوسرے نمبر پر رہا جہاں 50ہزار 773افراد منتقل ہوئے۔ قطر 34ہزار 25افراد کے اتھ تیسرے، بحرین 13ہزار 329اور ترکیہ 4ہزار 673ورکرز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ قبرص، یونان، برطانیہ اور ملائیشیا بھی پاکستانی ورکرز کیلئے اہم ممالک رہے۔
رپورٹ کے مطابق 3لاکھ 16ہزار 848افراد نے بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے ذریعے رجسٹریشن کروائی جبکہ اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے ذریعے 588افراد کو بیرون ملک ملازمت ملی۔ذرائع کے مطابق مزید ہزاروں افراد بیرون ملک جانے کیلئے سفری و ملازمت سے متعلق دستاویزات مکمل کروانے کی غرض سے مختلف سرکاری اداروں کے چکر لگا رہے ہیں، جبکہ ائیرپورٹس پر بھی مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ماہرین کے مطابق ایک جانب یہ رجحان ملک سے ہنر مند افرادی قوت کے انخلا کا باعث بن رہا ہے، وہیں دوسری جانب بیرون ملک جانے والے پاکستانی ترسیلات زر کی صورت میں ملکی معیشت کو سہارا دینے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
PNP
Comments are closed.