by Rao Imran Suleman
Rao Nama

عراق میں 20 ڈرونز قبضے میں لینے کا دعویٰ،4 افراد گرفتار

 عراق کی وزارتِ داخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سکیورٹی حکام نے مقامی طور پر تیار کیے گئے 20 ڈرونز قبضے میں لے لیے ہیں، جبکہ کارروائی کے دوران 4 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔

عراقی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار افراد سے تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ وہ ڈرونز کو اسمگل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

حکام نے گرفتار افراد کے ممکنہ روابط یا ان کے کسی مسلح گروپ سے تعلق کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

عراقی حکومت نے واضح کیا ہے کہ ملک اپنی سکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنا رہا ہے اور عراقی سرزمین یا فضائی حدود کو کسی بھی پڑوسی ملک کے خلاف کارروائی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند ہفتے قبل سعودی عرب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس پر ہونے والے بعض حملے عراقی سرزمین سے کیے گئے۔ بعد ازاں سعودی عرب کی جانب سے عراق میں الحشد الشعبی سے منسلک مقامات کو نشانہ بنانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔

عراقی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک کی سرزمین کو علاقائی کشیدگی یا کسی دوسرے ملک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

PNP

Comments are closed.