by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پنجاب بھر میں بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ اور لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ،متعلقہ محکمے ہائی الرٹ

لاہور (پی این پی) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 15اگست تک بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے الرٹ جاری کر دیا،

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے دوران برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ، بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہائوالدین اور گجرات میں بارش متوقع ہے جبکہ گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بھی بارش کا امکان ہے، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، پاکپتن، خوشاب، لیہ، بھکر اور نورپور تھل میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اس کے علاوہ بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو پیشگی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کے باعث بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، گجرات اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔سیف انور جپہ نے شہریوں سے خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش اختیار نہ کریں، مون سون کے دوران کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آسمانی بجلی سے بچا کیلئے محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔علاوہ ازیں ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور ہیڈکوارٹرز کا دورہکیا جہاں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے انہیں ریسکیو کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا ہنگامی تیاریوں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی حکمت عملی رسپانس کی صلاحیت بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ڈیزاسٹر رسپانس کی صلاحیت بڑھانے کے لیے نئی تربیتی سہولیات کا معائنہ کیا۔ پی ڈی ایم اے و ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی گفتگو کی ۔ جدید واٹر ریسکیو بوٹس، لائف جیکٹس اور ڈی واٹرنگ پمپس کی دستیابی کا جائزہ لیا گیااور ہنگامی صورتحال اور آفات کے لیے تیاری و رسپانس کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے جدید ریسکیو آلات، جدید واٹر ریسکیو گاڑیاں اور مخصوص تربیتی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا کہ ہنگامی صورتحال کے لیے اعلی سطح کی تیاری اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کو ممکنہ بارشوں اور اربن فلڈنگ کے پیشگی الرٹس جاری کر دیئے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم کو کم سے کم رکھا جائے ۔اس موقع پر پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ اور مشترکہ کنٹرول روم کا نظام مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں فلڈ مانیٹرنگ سیل 24/7فعال ہے، دریائوں اور ڈیمز کی سطح پر مسلسل نظر، کسی بھی غیر معمولی صورتحال پر فوری اطلاع دی جائے گی۔وزیر اعلی پنجاب کی واضح ہدایات ہیں عوامی تحفظ اولین ترجیح ہے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔تمام متعلقہ محکموں کو مشینری اور عملہ ہائی الرٹ پر رکھنے کی ہدایات ہیں۔

PNP

Comments are closed.