اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں،مغربی کنارے سے 21 فلسطینی گرفتار
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے مختلف علاقوں میں چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران ایک صحافی سمیت 21 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی صبح ہونے والی کارروائیوں میں بیت لحم سے 7، نابلس سے 9، سلفیت سے 4 جبکہ الخلیل سے ایک صحافی کو حراست میں لیا گیا۔
بیت لحم میں اسرائیلی فورسز نے الدوحہ، دھیشیہ پناہ گزین کیمپ اور الفوغرہ کے اطراف مختلف گھروں پر چھاپے مارے، جہاں سے چار فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔ بیت فجر میں بھی ایک گھر کی تلاشی کے دوران توڑ پھوڑ کی گئی اور ایک شخص کو اس کے دو بیٹوں سمیت حراست میں لے لیا گیا۔
نابلس کے مختلف علاقوں میں بھی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا۔ اسیرہ القبلیہ، عسکر پناہ گزین کیمپ، عوارتا، بازاریہ اور نابلس شہر کے مختلف مقامات سے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔
سیبسٹیا کے علاقے میں کارروائی کے دوران ایک فلسطینی قیدی کی والدہ اور بہن کو بھی کچھ دیر کے لیے حراست میں لے کر فیلڈ میں پوچھ گچھ کی گئی، تاہم بعد ازاں دونوں کو رہا کردیا گیا۔
سلفیت میں اسرائیلی فورسز نے قراوت بنی حسن کے علاقے میں گھروں پر چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران چار فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ ایک گرفتار شخص کی گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی۔
دوسری جانب الخلیل کے مغرب میں واقع ادنہ قصبے میں بھی اسرائیلی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک فلسطینی صحافی کو گرفتار کرلیا۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی چھاپہ مار کارروائیوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ مختلف علاقوں میں جاری ہے۔
PNP
Comments are closed.