by Rao Imran Suleman
Rao Nama

28 ویں ترمیم پر ہم سے اب تک کوئی گفتگو نہیں ہوئی، میں غلط بات پر غصہ ضرور کرونگا : مصطفیٰ کمال

کراچی ( پی این پی ) وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ پاکستان کا پیسہ4صوبوں کے بجائے 20 لوگوں میں بٹتا ہے۔ 28 ویں ترمیم پر ہم سے اب تک کوئی گفتگو نہیں ہوئی، میں غلط بات پر غصہ ضرور کرونگا ۔

انٹرنیشنل ٹریولرز ویکسینیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے بولیں یا انتظامی یونٹ ایم کیو ایم اپنے مؤقف پر قائم ہے، ایم کیو ایم نے اپنے مؤقف کو تبدیل نہیں کیا ہے۔ہ سندھ میں 18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، کراچی سے کشمور تک 80 فیصد لوگوں کے پاس پینے کا صاف پانی نہیں۔

’’جنگ ‘‘ کے مطابق وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ایک طرف تیسری جنگ عظیم رکوا رہے ہیں اور دوسری طرف کتے کے کاٹنے سے بچے مر رہے ہیں۔ 27ویں ترمیم میں اختیارات گلی کوچوں تک پہنچنے کی ترمیم تھی، بھٹو کے بنائے گئے 1973ء کے آئین میں نئے صوبوں کی گنجائش موجود ہے۔ 28 ویں ترمیم پر ہم سے اب تک کوئی گفتگو نہیں ہوئی، میں غلط بات پر غصہ ضرور کروں گا یہی میری خاصیت ہے، میری کرپشن کا کوئی کیس سامنے کیوں نہیں لاتے۔

مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا  کہ ملک سے باہر سے آنے والے اور جانے والے افراد حفاظتی ٹیکے لگوائیں، گردن توڑ بخار کی ویکسین کا سرٹیفکیٹ مسافروں کے پاس ہونا چاہیے، حج اور عمرہ پر جانے والوں کے لیے یہ سرٹیفکیٹ ضروری ہے۔ٹریولرز ویکسینیشن سینٹر میں بین الاقوامی مسافروں کو ویکسینیشن کی سہولت ملے گی، ان کی انٹری نادرا کے ڈیٹا بیس میں ریکارڈ ہو گی،بہت سارے لوگ علاج معالجے کے لیے بھی سفر کرتے ہیں، جو بھی پرواز سے آئے گا ہیلتھ ڈیسک کے پاس اس کا ڈیٹا رکھ رہے ہیں۔



PNP

Comments are closed.