کراچی(پی این پی)جناح ہسپتال کراچی میں 27 سالہ خاتون میں ریبیز کی تصدیق ہوئی ہے، تاہم دو روز زیرِ علاج رہنے کے بعد اہلخانہ مریضہ کو ہسپتال سے گھر لے گئے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق ہسپتال حکام کے مطابق خاتون کو ہفتے کے روز جناح ہسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا تھا، جہاں مریضہ میں ریبیز وائرس کی تمام علامات موجود تھیں۔
ہسپتال حکام کے مطابق ریبیز کی تصدیق کے بعد خاتون کو سپیشل وارڈ میں داخل کیا گیا اور دو روز تک زیرِ علاج رکھا گیا، تاہم بعد ازاں اہلخانہ مریضہ کو اپنی مرضی سے گھر لے گئے۔
متاثرہ خاتون کا تعلق ٹنڈو اللہ یار سے ہے اور اسے تقریباً چھ ماہ قبل دائیں ٹخنے پر آوارہ کتے نے کاٹا تھا۔ کتے کے کاٹنے کے بعد خاتون کو ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگوائے جانے کا دعویٰ کیا گیا لیکن اہلخانہ کی جانب سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ رواں سال سندھ میں ریبیز کے 23 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں سے 14 کیسز انڈس ہسپتال جبکہ 9 کیسز جناح ہسپتال میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ آوارہ کتے کے کاٹنے کی صورت میں فوری طور پر زخم کو صابن اور پانی سے اچھی طرح دھونے کے بعد طبی مرکز سے رجوع کرنا اور بروقت حفاظتی ویکسینیشن انتہائی ضروری ہے۔
PNP
Comments are closed.