by Rao Imran Suleman
Rao Nama

حیدر آباد، نیاز اسٹیڈیم میں قائم بیڈمنٹن، ٹینس ہال 14 سال سے ویران

حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں قائم بیڈمنٹن اور ٹینس ہال 14 سال سے ویران پڑے ہیں۔

ہال میں موجود اسٹینڈز، کھڑکیاں اور دروازے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، ہال کی عمارت کی حالت بھی خستہ حال ہوچکی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا کہ ہال کو جدید طرز پر دوبارہ بحال کرنے کے لیے تجویز دی گئی تھی لیکن فنڈز دستیاب نہ ہوسکے۔ اب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حیدر آباد میں بیڈمنٹن اور ٹینس کے کھلاڑیوں کے لیے 1993ء میں نیاز اسٹیڈیم کے احاطے میں بیڈمنٹن ہال تعمیر کیا گیا۔

سرکاری ریکارڈ کے مطابق منصوبے پر تقریباً 1 اعشاریہ 9 ملین روپے لاگت آئی، بیڈمنٹن ھال کے 2 کورٹس صوبائی اور قومی سطح کے ٹورنامنٹس کا مرکز ہوا کرتے تھے، جہاں شہر اور صوبے کے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے تھے۔

2012 میں آخری سندھ گیمز کے انعقاد کے بعد یہ کورٹ عدم توجہی کا شکار ہوگئے ہیں، بیڈمنٹن ہال میں ہر طرف تباہی کے آثار نمایاں ہیں، ہال میں موجود اسٹینڈز، کھڑکیاں اور دروازے ٹوٹ پھوٹ چکے ہیں جبکہ عمارت کی حالت بھی خستہ ہوچکی ہے۔

بیڈمنٹن کورٹ کے در و دیوار بوسیدہ اور فرش بھی جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، جس کے باعث کھلاڑیوں کے لیے یہاں کھیلنا ممکن نہیں رہا۔

ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کا کہنا ہے کہ عمارت کی بحالی کے لیے حکومت سندھ کو پروپوزل بھیجا گیا تھا، تاہم منظوری نہ مل سکی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بیڈمنٹن ہال اور ٹینس کورٹ کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

شہریوں اور کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں موجود بیڈمنٹن ہال اور ٹینس کورٹ کی فوری بحالی کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ محکمہ کھیل کو بھی عملی اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ یہ کھیلوں کی سہولت دوبارہ آباد ہو اور نوجوان کھلاڑی اس سے استفادہ حاصل کرسکیں۔ 



PNP

Comments are closed.