این ڈی ایم اے کا 30 ستمبر تک متوقع بارشیں ،ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر الرٹ
لاہور( پی این پی)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے بالائی علاقوں میں 30 ستمبر تک متوقع بارشوں اور ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بالائی خیبر پختونخواہ ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ آج اتوار سے مغربی ہوائوں کے نظام کی شدت میں اضافے کی توقع ہے۔ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔گلگت بلتستان میں استور، اسکردو، روندو، گھانچے اور شگر، جبکہ آزاد کشمیر میں نیلم ویلی، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
خیبر پختونخوا ہ کے سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام اور مانسہرہ میں بھی ممکنہ سیلاب سے متعلق خطرے کی نشاندہی کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق 30 ستمبر تک خطہ پوٹھوہار، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔ خوشاب، سرگودھا، چنیوٹ، فیصل آباد، جھنگ، بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان سمیت ملحقہ علاقوں میں تیز ہواں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔خیبر پختونخوا ہ میں دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان، پشاور، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی شدید بارش متوقع ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری اور گلیات میں شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ میانوالی، خوشاب، بھکر، لیہ اور سیالکوٹ سمیت دیگر علاقوں میں بھی شہری سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
لاہور، گوجرانوالہ، گجرات اور سرگودھا میں بھی شدید بارش کے نتیجے میں شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، جبکہ فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال اور جھنگ سمیت مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کے باعث شہری سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ سیلاب اور دیگر موسمی خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔ اداروں کو ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں اور ضروری وسائل پہلے سے تیار رکھنے، بارش اور ندی نالوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے نے شہریوں کو برساتی ندی نالوں، پہاڑی نالوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں کو عبور کرنے سے گریز کرنے، نشیبی اور خطرے سے دوچار علاقوں میں محتاط رہنے اور حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
PNP
Comments are closed.