اپوزیشن نے جان بوجھ کر مذاکرات کو نتیجہ خیز نہیں بننے دیا: طلال چوہدری
وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے جان بوجھ کر مذاکرات کو نتیجہ خیز نہیں بننے دیا، ہمیں یقین تھا کہ ’میثاق جمہوریت 2‘ ہونے جا رہا ہے۔
طلال چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی سے گفتگو کے بعد مذاکراتی ٹیم ہم سے نظریں چُرانے لگی، مذاکراتی ٹیم کے ساتھ معاہدے کے بنیادی نکات پر اتقاق ہونے کے باوجود اپوزیشن منحرف ہوئی، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی صرف اپنی وزارت کو دوام بخشنا چاہتے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ مذاکرات سے متعلق اپوزیشن بہت سے حقائق سے پردہ پوشی کر رہی ہے، دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق معاملات کو نظر انداز کیا گیا اور مذاکرات کے دوسرے دن سیاسی معاملات پر بات چیت شروع کر دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے صرف خیبر پختون خوا میں دہشت گردی کے خاتمے پر بات کی۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ سیاسی ہار جیت سے زیادہ ملک کی سلامتی اہم ہے، پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے، ہم پاکستان کے تحفظ اور سلامتی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لانگ مارچ کی وجہ سے آج پشاور میں امتحانات ملتوی کر دیے گئے۔
PNP
Comments are closed.