ازبکستان میں قومی کھانوں کا بین الاقوامی گیسٹرو نومیٹک فیسٹیول شروع
تقریب میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے مہمانوں کی بھرپور شرکت
خورازم کے معروف شہر خیوا کے "آردا خیوا” سیاحتی مرکز میں "خورازم خانوں کی قومی کھانوں” کا بین الاقوامی گیسٹرو نومیٹک فیسٹیول شروع ہوگیا ہے۔ یہ فیسٹیول ازبکستان کے صدر کے جاری کردہ فرمان کے مطابق خورازم صوبے کے سیاحت کے امکانات کو فروغ دینے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔ اس تقریب میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔

فیسٹیول کا مقصد خورازم کی قومی کھانوں کو عالمی سطح پر فروغ دینا اور گیسٹرو ٹورزم کو مزید ترقی دینا ہے۔ اس تقریب میں 20 سے زائد مشہور شیفز نے شرکت کی اور 50 سے زائد قومی، یورپی اور ایشیائی کھانے تیار کیے گئے، خاص طور پر شرکاء کی مہمان نوازی کے لیے ازبکستان کا مشہور پلاؤ بھی بنایا گیا۔

خورازم صوبے کے نائب گورنر، باتر اوزودوچ سائیڈوف نے فیسٹیول کے دوران مختلف سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور شرکاء کے ساتھ گفتگو کی۔
اس موقع پر قومی رقص اور موسیقی بھی پیش کی گئی، جس نے خیوا شہر میں آئے مہمانوں کو بھرپور لطف فراہم کیا۔ خیوا شہر میں دنیا بھر سے آئے مہمانوں کا کہنا تھا کہ یہ فیسٹیول نہ صرف ازبکستان کی ثقافت اور روایات کو اجاگر کرتا ہے بلکہ اس سے ملک کے سیاحتی شعبے کو بھی فروغ دیتا ہے، اس طرح کے ثقافتی پروگرام ملک کی قدیم ثقافت اور مہمان نوازی کی روایات کو دنیا بھر میں متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
شیفز اور شرکاء کا کہنا تھا کہ خورازم کی قومی کھانوں کا یہ فیسٹیول یقینی طور پر سیاحوں کے لیے ایک شاندار تجربہ ثابت ہوگا اور انہیں ازبکستان کے ثقافتی ورثے سے قریب تر لے آئے گا۔