آبنائے ہرمز میں امریکی جہاز آئے تو تباہ کردیں گے، ایران کا انتباہ
تہران: ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے آبنائے ہرمز میں ایران کی مقررہ بحری گزرگاہ کے علاوہ کسی اور راستے سے اپنے جنگی جہاز داخل کیے تو انھیں نشانہ بنایا جائے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے فوجی مشیر محسن رضائی نے سرکاری ٹیلی ویژن کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایرانی مسلح افواج ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھیں گی اور امریکا کی جانب سے عائد بحری ناکہ بندی جاری رہنے نہیں دیں گے۔
محسن رضائی نے یہ بھی کہا کہ ایران کسی بھی صورت آبنائے ہرمز میں اپنی مقررہ گزرگاہ کے علاوہ کسی دوسرے بحری راستے کو کھولنے کی اجازت نہیں دے گا۔
محسن رضائی نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر امریکا آبنائے ہرمز میں غیر قانونی راستے سے اپنے جنگی جہاز لاتا ہے تو ہم انھیں نشانہ بنائیں گے۔
امریکا نے گزشتہ ماہ ایران کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی اور مفاہمتی یادداشت کے خاتمے کے بعد بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کر دی تھی۔
ترجمان امریکی سینٹرل کمانڈ نے بتایا کہ ناکہ بندی کے دوران 44 تجارتی جہازوں کا رخ موڑا گیا دو جہازوں کو ناکارہ بنایا گیا جبکہ دو دیگر پر امریکی اہلکاروں نے چڑھ کر تلاشی بھی لی۔
ایرانی فوجی مشیر نے الزام لگایا کہ امریکا نے مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تنازع کو طے شدہ تنازعاتی کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کے بجائے براہ راست فوجی کارروائیاں شروع کر دیں۔
یاد رہے کہ امریکا نے جولائی کے آغاز میں ایران پر دوبارہ حملے اس وقت شروع کیے تھے جب ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے چند بحری جہازوں کو ایسے راستے استعمال کرنے پر نشانہ بنایا تھا جنھیں ایران نے منظور نہیں کیا تھا۔
PNP
Comments are closed.