by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کراچی میں رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں 603 افراد جاں بحق

—فائل فوٹو

کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف ٹریفک حادثات میں 2 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

 ریسکیو حکام کے مطابق سولجر بازار اسٹاپ کے قریب گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کورنگی کراسنگ پر گاڑی کی ٹکر سے 5 سالہ راہگیر بچہ جاں بحق ہو گیا، جبکہ ملیر جناح ایونیو پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

عائشہ منزل پر 2 موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے، بلدیہ ناردرن بائی پاس پر واٹر ٹینکر اور ٹریلر کے درمیان تصادم میں واٹر ٹینکر ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق پورٹ قاسم کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے 11 سالہ راہگیر بچہ جاں بحق ہوا، جبکہ بلدیہ حب ریور روڈ پر موٹر سائیکل کی ٹکر سے 30 سالہ شخص زخمی ہو گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق رواں سال کراچی میں مختلف ٹریفک حادثات میں اب تک 603 افراد جاں بحق اور 7 ہزار 467 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ 

جاں بحق افراد میں 463 مرد، 73 خواتین اور 67 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 5 ہزار 649 مرد، ایک ہزار 322 خواتین اور 496 بچے شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ہیوی گاڑیوں کے مختلف حادثات میں 184 افراد جاں بحق ہوئے۔

 ڈمپر کی ٹکر سے 12، ٹریلر کی ٹکر سے 84، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 46، منی ٹرک کی ٹکر سے 18 جبکہ بسوں کی ٹکر سے 24 افراد جاں بحق ہوئے۔



PNP

Comments are closed.