ایرانی افواج کا اردن، بحرین اور عراق میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے فارس نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں کے بعد ایران نے جوابی کارروائی شروع کردی ہے، جس کے دوران میزائل اور ڈرونز کے ذریعے مختلف اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے قریب سمجھے جانے والے ایرانی میڈیا کے مطابق جوابی کارروائی میں اردن اور خطے کے دیگر مقامات پر موجود امریکی فوجی تنصیبات کو ہدف بنایا گیا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق کرمان کے علاقے میں واقع جیرفت ایئرپورٹ بھی امریکی حملے سے متاثر ہوا ہے۔ کرمان کے نائب گورنر برائے سیاسی و سکیورٹی امور رحمان جلالی نے کہا ہے کہ امریکی کارروائی میں ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن میں واقع موفق السطی فوجی اڈے پر بھی میزائل حملہ کیا گیا، جبکہ اردن کے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بجنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ عراق کے شہر اربیل میں موجود ایک امریکی فوجی تنصیب کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی بیان کے مطابق مذکورہ مقام کو مرمتی سرگرمیوں اور تکنیکی آلات کے ذخیرے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
پاسدارانِ انقلاب نے مزید دعویٰ کیا کہ اربیل میں موجود اس تنصیب میں امریکی فوج کے نگرانی سے متعلق ایک نظام بھی موجود تھا اور ایرانی حملے میں ان تنصیبات کو تباہ کردیا گیا۔
PNP
Comments are closed.