by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ہاکی کا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلئے اسکولوں میں ہاکی کا آغاز کر دیا ہے، محی الدین وانی


ہاکی کا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلئے اسکولوں میں ہاکی کا آغاز کر دیا ہے، محی الدین وانی

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی کا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلئے نچلی سطح پر اسکول ہاکی کا آغاز کر دیا گیا ہے، 25 سالہ بگاڑ درست کرنے میں وقت درکار ہوگا۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار کمشنر کراچی سید حسن نقوی کےہمراہ این جے وی اسکول میں طلبا و طالبات میں ہاکی کٹس دینے کی تقریب کے موقع پر جنگ سے گفتگو میں کیا۔

محی الدین وانی نے کہا کہ ہاکی کو پورے پاکستان میں پھیلایا جا رہا ہے تاکہ کم عمری سے ہی باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کرکے انہیں بتدریج آگے بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی عزت عزیز ہے، بھارت کے ساتھ مقابلوں کیلئے رولز اینڈ ریگولیشنز کو فالو کریں گے۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ حکومت  ہاکی کے وقار کو بحال کر نے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، اسکولوں کی سطح پر توجہ دینے اور بچوں کو ہاکی کا کھیل سیکھنے کے مواقع فراہم کر نا پی ایچ ایف کی اس ضمن میں بہترین اور صحیح سمت میں کوشش ہے، امید ہے ان کوششوں کے ذریعے ماضی کی طرح بہترین کھلاڑی پیدا کیے جا سکیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو، پرنسپل این جے وی اسکول رخسانہ منگی، اولمپئن سمیع اللہ، حسن سردار، وسیم فیروز، ناصر علی، گلفراز خان، ایاز محمود، محمد علی خان، غلام محمد خان، سمیر حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔

صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین وانی نے مزید کہا کہ ہر ایک اسکول کی ٹیم کے لیے 8 ہاکی کٹس فراہم کی گئیں، مجموعی طور پر 74 اسکولوں کو کٹس فراہم کی جا رہی ہیں، مجموعی طور پر ہاکی فیڈ ریشن 1600 کٹس بچوں کو فراہم کرے گی۔

صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ ملک میں ہاکی کا بڑا ٹیلنٹ موجود ہے ان کوششوں سے مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے بہترین ٹیلنٹ سامنے آئیں گے۔ 

کمشنر نے کہا کہ کراچی انتظامیہ اسکول کے بچوں کی تعلیمی اور جسمانی نشو و نما کے ساتھ ساتھ انسدادِ پولیو کے لئے بھی بھر پور جدوجید کر رہی ہے، انھوں نے کہا کہ ملک کو پولیو کے خاتمہ کی جدوجہد کامیاب ہو اور ملک سے پولیو کا خاتمہ ہو۔ 

وائی یم سی اے گراؤنڈ کی بحالی کے حوالے سے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ گراؤنڈ میں ہاکی کی سرگرمیوں کو جلد بحال کیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے ضلعوں میں نوجوانوں کی کھیل کی سر گرمیوں کو بحال کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، مختلف کھیل کے میدان جو ویران تھے انہیں بحال کیا گیا ہے، بہتر پچز، گرائونڈز اور کورٹ بنا کر کھیلوں کا معیار بلند کیا جائے گا۔


PNP

Comments are closed.