by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ینبع سے سعودی خام تیل کی ترسیل دوبارہ شروع، یومیہ 20 لاکھ بیرل لوڈنگ

ریاض: سعودی عرب نے مشرقی مغربی تیل پائپ لائن کی بحالی کے بعد بحیرۂ احمر کی بندرگاہ ینبع سے خام تیل کی برآمد دوبارہ شروع کردی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق یمنی حوثیوں کے حملے کے بعد متاثر ہونے والی تیل کی ترسیل بحال ہونے سے ینبع بندرگاہ پر گزشتہ ہفتے سے روزانہ تقریباً 20 لاکھ بیرل خام تیل بحری جہازوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے باعث ینبع سے خام تیل کی برآمدات میں اضافے کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مشرقی سعودی عرب سے بحیرۂ احمر تک تیل پہنچانے والی پائپ لائن بحال ہونے کے بعد عالمی منڈیوں تک متبادل راستے سے رسائی میں اضافہ متوقع ہے۔

یورپی خلائی ادارے کی جاری کردہ سیٹلائٹ تصاویر کے مطابق سعودی عرب نے ینبع اور جنوبی علاقے الموجز میں تقریباً ایک کروڑ بیرل خام تیل بحری جہازوں میں منتقل کیا ہے۔

عرب میڈیا نے دو تجارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ ہفتے سے ینبع سے روزانہ تقریباً 20 لاکھ بیرل خام تیل کی لوڈنگ جاری ہے۔

بحری جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والی کمپنی کے مطابق پائپ لائن کے ذریعے اس وقت تقریباً 26 لاکھ 50 ہزار بیرل تیل یومیہ منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ آئندہ چند روز میں یہ مقدار 30 سے 40 لاکھ بیرل یومیہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق حملے سے قبل پائپ لائن کی تقریباً 55 لاکھ بیرل یومیہ گنجائش مکمل طور پر بحال ہونے میں مزید ایک ماہ لگ سکتا ہے۔



PNP

Comments are closed.