by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پی ڈی ایم اے سندھ کا ہائی الرٹ 25 جولائی تک شدید بارشوں کی پیشگوئی

کراچی (پی این پی)  پی ڈی ایم اے سندھ نے صوبے کے مختلف اضلاع میں طوفانی ہواؤں اور شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے بتایا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں آج سے 25 جولائی تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔حیدرآباد، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، مٹیاری، جامشورو اور شہید بینظیر آباد (نوابشاہ) میں 25 جولائی تک شدید اور موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ لاڑکانہ، نوشہرو فیروز اور ٹھٹھہ میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا اسپیل متوقع ہے جبکہ گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر اور خیرپور میں ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش کی پیشگوئی ہے۔

ممکنہ طوفان اور شدید بارشوں کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے سندھ نے حفاظتی اقدامات سخت کر دیے ہیں اور تمام اضلاع کی انتظامیہ اور متعلقہ بلدیاتی و نکاسیِ آب کے اداروں کو فیلڈ میں ہائی الرٹ رہنے اور قبل از وقت تمام حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور شہروں سے بارشی پانی نکالنے کے لیے ڈی واٹرنگ پمپس کو مکمل طور پر فعال اور آپریشن کے لیے تیار کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں کو بھی غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز سے دور رہنے کی تاکید کی ہے۔



PNP

Comments are closed.