کراچی (پی این پی) ناظم آباد میں زچگی کے بعد نومولود کے مبینہ طور پر لاپتا ہونے کے معاملے میں نجی ہسپتال کی انتظامیہ کا اہم بیان سامنے آگیا۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاتون کا سروسز ہسپتال میں میڈیکل ٹیسٹ اور ایکس رے کیا جا رہا ہے، ان کے کچھ ٹیسٹ تیسرے نجی ہسپتال بھیجے گئے ہیں جن کی رپورٹ آنے کے بعد حاملہ ہونے یا نہ ہونے کی تصدیق ہوگی۔
ناظم آباد پولیس کی نجی ہسپتال کی انتظامیہ اور عملے سے تفتیش جاری ہے جبکہ پولیس کی میڈیکل ٹیم نے متاثرہ خاندان سے تمام ریکارڈ مانگا ہے۔
نجی ہسپتال کی انتظامیہ نے پولیس کو بتایا کہ جس نام کی خاتون کا کارڈ بنا وہ آپریشن کروانے نہیں آئی، عملے کی غفلت ثابت ہوئی تو کارروائی کی جائے لیکن جو خاتون ہمارے پاس آئی وہ حاملہ نہیں تھی۔
واضح رہے کہ ناظم آباد کے ایک نجی ہسپتال میں زچگی کے بعد نومولود کے مبینہ طور پر لاپتا ہونے کا معاملہ سامنے آیا۔
ہسپتال انتظامیہ نے بچے کی پیدائش سے ہی صاف انکار کر دیا جبکہ واقعے کے خلاف متاثرہ خاندان نے ہسپتال میں شدید احتجاج کرتے ہوئے پولیس میں باضابطہ شکایت درج کروا دی۔
متاثرہ خاندان کے مطابق خاتون کا 9 ماہ تک اسی نجی ہسپتال میں باقاعدگی سے چیک اپ، فالو اپ اور مختلف ٹیسٹ سمیت الٹراساؤنڈ ہوتے رہے ہیں، ڈلیوری کیلیے 27 اگست کی تاریخ دی گئی تھی اور مقررہ تاریخ پر جب آپریشن کیا گیا تو ڈاکٹر نے بعد میں بتایا کہ بچے کی پیدائش ہی نہیں ہوئی۔
PNP
Comments are closed.